پنجاب میں چینی ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، شوگر ملیں سیل

Published On 05 November,2021 11:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں چینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیزکر دیا گیا، سپیشل برانچ کی رپورٹ پر لاہور، سرگودھا، ساہیوال اور رحیم یار خان میں کارروائیاں کی گئیں، فیصل آباد میں 2 شوگر ملیں سیل کر دی گئیں۔

چینی کی مقررہ قیمت پر دستیابی کیلئے پنجاب حکومت متحرک، سرگودھا اور فیصل آباد میں دو شوگر ملیں سیل، مختلف شہروں میں بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی چینی برآمد کر لی گئی۔ لاہور میں 100 تھیلے چینی، سرگودھا میں 480 تھیلے، ساہیوال میں 960 تھیلے، رحیم یار خان میں 6757 میٹرک ٹن چینی سرکاری تحویل میں لی گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے محکمہ خوراک اور پولیس کی ٹیموں کے ہمراہ چھاپے مارے۔ تحویل میں لی گئی چینی کو کنٹرول ریٹ پر مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کا کہنا تھا کہ اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کر کے صارفین کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن بلاتفریق جاری رہے گا۔ چینی کی ایکس مل قیمت84.75،ریٹیل89.75 روپے فی کلو گرام سے زائد پر فروخت کی کسی صورت اجازت نہیں۔
 

Advertisement