اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کے آن لائن فراڈ کے معاملے پر بڑا بریک تھرو، بائنانس کا ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ سے رابطہ، تفتیش میں معاونت کے لیے 2 رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی، جعلسازی میں ملوث 11 مختلف کمپنیز بائنانس بلاک چین استعمال کر رہی تھیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ عمران ریاض کے مطابق جعلسازی میں ملوث 11 مختلف کمپنیز بائنانس بلاک چین استعمال کر رہی تھیں۔ ایف آئی اے سے رابطے کے لیے بائنانس نے 2 رکنی ماہر تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ رابطہ ہونے کے بعد بائنانس سے ای میلز پر بات چیت بھی کی گئی۔
ایف آئی اے کو آن لائن کرپٹو کرنسی میں فراڈ کی شکایت ملیں تھیں، ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ رقم کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ اور دیگر مقاصد میں استعمال ہو رہی ہے، جس پر ایف آئی اے نے چند روز قبل تفتیش شروع کی تھی۔ متاثرہ افراد نے 100 ڈالر سے 80 ہزار ڈالر تک سرمایہ کاری کی تھی۔ اب تک ایف آئی اے درجنوں متاثرین کے بیانات ریکارڈ کر چکا ہے۔