کراچی میں فائرنگ سے 11 سالہ بچی جاں بحق، شادی میں ہوائی فائرنگ سے گولی لگی، اہلخانہ

Published On 09 January,2022 09:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں فائرنگ سے گیارہ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، اہلخانہ کے دعوے کے مطابق بچی کو شادی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے گولی لگی۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون پیر آباد میں فائرنگ کے نتیجے میں گیارہ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، پولیس کے مطابق بچی کی شناخت مدیحہ کے نام سے ہوئی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے گھر کے قریب ہونے والی شادی کی تقریب میں فائرنگ کی جارہی تھی جس کے دوران مدیحہ کی جان گئی۔

پولیس کا کہنا ہے فائرنگ کا واقعہ پراسرار ہے، بچی کو سامنے سے سر میں گولی لگی جو پار ہوگئی۔ لواحقین لاش کا پوسٹ مارٹم نہیں کرا نا چاہتے تھے، زبردستی میت ہسپتال سے سرد خانے لے گئے۔

پولیس نے لواحقین کو پوسٹ مارٹم کے لئے راضی کیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے گولی کی سمت کا تعین کیا جاسکے گا۔ پولیس کے مطابق اہلخانہ کا بیان لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مدیحہ گھرکی کھڑکی سے شادی کی تقریب دیکھ رہی تھی اور کچھ افراد ہوائی فائرنگ کر رہے تھے، انکے علاقے میں سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار کے بھائی کی شادی کی تقریب تھی، جاں بحق ہونے والی مدیحہ تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پرتھی۔ 

Advertisement