ملتان میں تجاوزات مافیا شاہراہوں کے بعد سرکاری زمینوں اور قبرستان پر بھی قابض

Published On 06 January,2022 09:02 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں تجاوزات مافیا شاہراہوں پر قابض ہو گیا، شہر کی مصروف سڑکوں کے ساتھ سرکاری زمینیں اور قبرستان بھی قبضہ مافیا کے شکنجے میں ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث سورج میانی، ایم ڈی اے چوک، پرانا شجاع آباد روڈ، کچہری چوک سورج کنڈ روڈ، گردیزی مارکیٹ، گھنٹہ گھر چوک اور حسین آگاہی بازار سمیت شہر کے بیشتر علاقے تجاوزات مافیا کی گرفت میں ہیں، سرکاری زمینوں پر دکانیں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور مصروف شاہراہوں پر پھلوں اور سبزیوں کی ریڑھیاں لگا کر مافیا نے پورے شہر کو جام کر رکھا ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔

ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے واقع کچہری روڈ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے باعث اب نو گو ایریا بن چکا ہے، گھنٹوں ٹریفک جام رہنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ مافیا کے سامنے بے بس ہے تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کیلئے انجمن تاجران کا تعاون درکار ہے۔

شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک سینکڑوں آپریشن بھی کئے جا چکے ہیں تاہم قبضہ مافیا میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اہلکاروں کیساتھ ملی بھگت کر کے آپریشن کے دوران قبضے میں لیا گیا سامان چند گھنٹوں بعد ہی چھڑوا لیتا ہے۔
 

Advertisement