دعا منگی کیس : ملزم کے فرار کے بعد کورٹ پولیس کی سکروٹنی شروع

Published On 03 February,2022 05:34 pm

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں دعا منگی کیس کے مرکزی ملزم کے فرار ہونے کے معاملے پر آئی جی سندھ کے احکامات پر کورٹ پولیس کی سکروٹنی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں کورٹ پولیس کی غفلت سے دعا منگی کیس کے ملزم زوہیب قریشی کے فرار کے معاملہ پر ایس ایس پی کورٹ پولیس کو پولیس وینز کی آن لائن ٹریکنگ کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کو آفیشل واٹس ایپ گروپ میں تصویروں اور وقت کے ساتھ اپڈیٹ رکھنے کی ہدایات کردی گئیں، کورٹ پولیس کی موجودہ نفری 600 اہلکاروں پر مشتمل ہے جبکہ کئی اہلکار کرپشن کے الزام میں دوسرے ڈیپارٹمنٹ سے کورٹ پولیس میں تعینات کیے گئے ہیں۔

کرپٹ اہلکاروں کی فہرست بنا کر انہیں فیلڈ ورک سے ہٹا دیا جائے گا، کورٹ پولیس کی نفری 600 سے بڑھا کر 1200 کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، نفری کی کمی سے کورٹ پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم یومیہ سٹی کورٹ میں 600 سے 700 ملزمان پیش کیے جاتے ہیں۔

زوہیب قریشی کو جیل سے پولیس وین میں ہی عدالت لایا گیا تھا اور پیشی کے بعد ملزم کو گرفتار اہلکاروں نے پرائیویٹ گاڑی فراہم کی۔