کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ مشتاق مہر نے وزیراعظم پورٹل طرز پر کمپلینٹ سسٹم بنانے کا فیصلہ کرلیا، مختلف قانونی معاملات میں پولیس کے پاس شکایت لے کر جانے اور تھانوں کے چکر لگانے والے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔
آئی جی سندھ مشتاق مہر کے مطابق پورے سندھ میں سینٹرلائزڈ سسٹم تیار کیا جارہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے اپنے گھر کو سیدھا ہونا چاہیے اس کے بعد دوسرے معاملات ہیں، پولیس پورٹل کمپلین سسٹم بننے کے بعد شہری صرف ایک شکایت کرے گا جو پورے سندھ پولیس کے متعلقہ افسران تک پہنچ جائے گی اور سسٹم آنے والی درخواست متعلقہ محکمے ، یونٹ تک پہنچائی جائے گی۔
آئی جی سندھ کے مطابق جب تک اس شکایت کا ازالہ نہیں ہوگا سسٹم میں انڈیکشن موجود ہوگی اور وجوہات بھی سامنے آئیں گی۔ مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کو مکمل آئی ٹی بیس پر ہونا چاہیے اور سب سے پہلے شعبہ تفتیش کا منظم میکنزم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ کیس کس مرحلے میں ہے، اگلی پیشی کب ہے کون افسر پیشی پر گیا کون نہیں گیا سسٹم پر ہونا چاہیے، تمام معلومات سینٹرلائزڈ سسٹم پر موجود ہونے سے بہتری آئے گی اس سے پہلے تفتیشی افسر کو پتہ ہو تو دوسرے کو پتہ نہیں ہوتا تھا، کیس کا فالو اپ موجود ہوگا تو کیس لڑنے میں بھی مدد ملے گی۔
آئی جی سندھ مشتاق مہر کے ایچ آر ایم آئی ایس سسٹم تھانوں کی سطح تک اپڈیٹ ہونا چاہیے اور اب اگر یہ سسٹم کسی ایس ایچ او یا ڈی آئی جی سطح تک کے افسر نے اپڈیٹ نا کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پولیس ویلفئیر کو بھی سینٹرلائزڈ سسٹم پر لایا جارہا ہے، اگر پولیس اہلکار شہید ہوگیا تو ورثاء خوار نہیں ہونگے اور نا ہی جگہ جگہ جا کر درخواستیں دینا پڑیں گی بس سسٹم پر موجود ایک ایپلیکشن فارم بھرنا پڑے گا اور شہید کے ورثاء کو فون کال آجائے گی، سندھ پولیس مختلف اہم پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے جو جلد سامنے لائے جائیں گے۔