کراچی: (دنیا نیوز) ناصر شاہ نے کہا ہے کہ وفاق سندھ حکومت کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے، آئی جی کو فوری طور پر چھٹی پر چلے جانا چاہئے، سندھ کے سوا ہر صوبے میں آسانی سے پولیس سربراہ بدل جاتا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چیف جسٹس کے احکامات پر من و عن عمل کریں گے، غیر قانونی تعمیرات میں بہت سے لوگ ملوث ہیں، ایس بی سی اے میں غیر قانونی تعمیرات کی شکایات سے متعلق ڈیسک بنایا، پرانی آبادیوں کو ریگولرائز کیا گیا، گاؤں کی زمینوں پر بلڈر مافیا نے غیر قانونی قبضے کرلیے۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا سندھ حکومت نے بہت سی قدیم آبادیوں کو ریگولرائز کیا، جو عمارتیں آباد نہیں انہیں سب سے پہلے گرایا جائے گا، کراچی بڑا شہر ہے، تجاوزات کے خاتمے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا آئی جی سندھ کے معاملے کو بلاوجہ متنازعہ بنا دیا گیا، امید ہے معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔