پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے 4 اضلاع کو ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبارکا گڑھ قراردے دیا گیا، ایف آئی اے نے چاروں اضلاع میں غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کمرکس لی، صوبے بھرمیں کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں منی لانڈرنگ ،ہنڈی حوالہ اور کرنسی سمگلنگ سے متعلق اقدامات تیز کردیئے گئے،ایف آئی اے نے صوبے بھر میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف گھیرا تنگ کردیا۔ حکام کے مطابق پشاور سمیت بٹ خیلہ ،بونیر اور تیمر گرہ میں غیر قانونی کاروبارخاص طور سے ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے ،تینوں اضلاع میں خصوصی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق منی لانڈرنگ سے متعلق 110 انکوائریاں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ 103 مقدمات درج کیے گئے،60 کے قریب ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
غیر قانونی کاروبار کے ذریعے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائیاں انتہائی احسن قدم ہے تاہم ایسے عناصر کے خلاف سخت قوانین بھی ناگریز ہیں۔