کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل، دونوں کو گھر میں گولی مار کر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر چار میں گھر سے ماں بیٹی کی لاشیں ملیں، دونوں کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی ناظم آباد نے کہا کہ محلے میں کسی نے گولی چلنے کی آواز نہیں سنی، گھر کام کرنے والی آئی تو لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی گئی جبکہ مقتولین ماں بیٹی کی جانب سے مزاحمت کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔
ڈی ایس پی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ مقتولہ کے شوہر شمعون نے دو شادیاں کی ہوئی تھیں اور وہ کبھی کبھار ہی پہلی اہلیہ اور سوتیلی بیٹی سے ملنے آیا کرتا تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے دو خول برآمد کر کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ واردات کسی ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔