پنجگور، نوشکی میں ایف سی چیک پوسٹوں پر دھماکے کے 2 سہولت کار گرفتار

Published On 04 April,2022 04:54 pm

کراچی:(بلال نصیر سے) پنجگور اور نوشکی میں ایف سی کی چیک پوسٹوں پر دھماکے سے متعلق ہونے والی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی اور 2 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن سینٹرل کے مطابق پولیس اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی پر بلال کالونی سے 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار سہولت کاروں سے دستی بم، پستول، لیپ ٹاپ اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے ہیں۔

ایس ایس پی شہلا قریشی کے مطابق گرفتار سہولت کاروں سے 2700 ایکٹو سمز، بایئو میٹرک اور الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کی گئی ہیں، گرفتار سہولت کار کراچی میں بائیو میڑک کر کے پنجاب میں سمز فروخت کرتے ہیں، سہولت کاروں نے ہی سمز منظم تخریب کاری گروپ تک پہنچائیں۔

شہلا قریشی کا مزید کہنا تھا کہ سہولت کاروں نے تخریب کاری میں رابطے کے لئے استعمال ہونے والی سمز کو ایکٹو کیا تھا، تخریب کاری میں 5 جوان شہید ہوئے تھے، دہشتگردی کی واردات کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی تھی، گرفتار سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

 

Advertisement