کراچی: گاڑیوں کی چوری اور فروخت میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

Published On 05 April,2022 01:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں اے وی ایل سی پولیس نے گاڑیوں کی چوری اور فروخت میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا، دوسری جانب بہادر آباد کے علاقے دھوراجی گولا گنڈا گلی میں دکانداروں کے جھگڑے کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں درج کرلیا گیا۔

انٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی چوری میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کر لئے، ملزمان چوری کی گئی گاڑیوں کو کراچی سے بلوچستان کے مختلف شہروں میں فروخت کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان سے چوری شدہ چار گاڑیاں برآمد کی گئیں، تفتیش کے دوران ملزمان نے کراچی سے متعدد گاڑیوں کی چوری اور فروخت کا اعتراف کیا۔

دوسری جانب بہادر آباد کے علاقے دھوراجی گولا گنڈا گلی میں دکانداروں کے جھگڑے کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں درج کرلیا گیا، پولیس کے مطابق جھگڑا دو دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پیش آیا، جھگڑے میں کانچ کی بوتلیں، ڈنڈے اور کرسیاں ایک دوسرے کو ماری گئیں۔ گزشتہ رات ایک دکاندار کی ایف آر درج ہوئی جبکہ جھگڑا دو اپریل کی رات کو پیش آیا تھا۔ واقعے میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، وڈیو میں دکھائی دینے والے تمام فرار ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔
 

Advertisement