سرگودھا: (دنیا نیوز) بھیرہ میں بینک ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو نے بینک میں گھس کر ہینڈ گرنیڈ پھینکے، گرنیڈ پھٹنے سے بینک منیجر سمیت 3 افرادزخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا
بھیرہ میں نامعلوم شخص، جس نے سفید رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے، ہمراہ بیگ بینک میں داخل ہونے لگا تو سکیورٹی پر موجود گارڈز نے روکا جس پر اس نے بیگ کھولا جس میں کیش تھی اور بتایا کہ میں کیش جمع کرانے آیا ہوں، بینک گارڈز نے اسے اندر جانے دیا، بینک میں موجود لوگوں نے بتایا کہ جیسے وہ شخص بینک میں داخل ہوا اس نے ہینڈ گرنیڈ کیش کاونٹر کی طرف اچھال دیئے جس سے بینک شدید دھماکے کے بعد دھواں ہی دھواں ہوگیا اور وہاں موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور اسی بھگدڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ شخص بھی فرار ہوگیا ۔
زخمیوں کو فی طور پر اپنی مدد آپ کے تحت تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال بھیرہ میں منتقل کردیا گیا، بینک مینجر نیاز احمد کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال سرگودھا منتقل کردیا گیا۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر رضوان، ڈپٹی کمشنر سرگودھا محمد اصغر جوئیہ، ایس پی انوسٹی گیشن عبدالوہاب اعوان، سی ٹی ڈی سکواڈ، بم ڈسپوزل سکواڈ، سول ڈی فینس و دیگر حساس اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے بینک کے علاوہ ارد گرد کا علاقہ سیل کرکے اپنی تحقیقات شروع کر دیں۔
ایس پی انوسٹی گیشن عبدالوہاب اور اے ایس پی بھلوال نے ابتدائی طور پر واقع کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی ہماری تحقیقات جاری ہیں، بینک نے ابھی تک بینک میں موجود کیش کی کمی کے متعلق کوئی رپورٹ نہیں کی ،ابھی اس واقع کو دہشت گردی قرار دینا قبل از وقت ہوگا ہم ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کررہے ہیں۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔