کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زنجیروں میں جکڑی آٹھ سالہ بچی بازیاب کرا لی، سفاک سوتیلا باپ شرارت کرنے یا شور شرابہ کرنے پر پائپ سے تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا جسے گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سوتیلے باپ کے تشدد سے تنگ آ کر گھر سے بھاگ نکلنے کی کوشش میں معصوم بچی کامیاب ہو گئی، محلے دار نے بچی کو گھر میں پناہ دی اور پولیس کو خبر کر دی۔
پولیس کے مطابق اہل محلہ اکثر بچی کے شور شرابے پر والد سے دریافت کرتے تھے تو وہ کہتا تھا کہ بچی کا ذہنی توازن درست نہیں، گھر سے بھاگ نکلتی ہے جس پر اسے زنجیر سے باندھا گیا ہے۔
بچی نے ایک بار پھر گھر سے بھاگنے کی کوشش کی ، رکشہ بھی روک لیا لیکن ایک محلے دار بچی کو دیکھ کر اپنے گھر لے آیا اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کےمطابق بچی ذہنی طور ہر مکمل صحت مند ہے جسے حفاظتی تحویل میں لے کر وومن پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا جبکہ سوتیلے باپ اور حقیقی ماں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔