لاہور:(دنیا نیوز) فیکٹری ایریا میں فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد قتل ہوگئے، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
لاہور میں فیکٹری ایریا کےعلاقے والٹن روڈ پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افرادجان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں میاں بیوی شامل ہیں، شوہر کی شناخت آصف، بیوی کرن، رشتہ دارعزیز اور ایک کی شناخت نہ ہوسکی۔
پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لئے، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، فرانزک شواہد کی روشنی میں تحقیقات کی جائیں گی۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دی جائیں، ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔