لاہور:(دنیا نیوز) عثمان بزدار نے بطور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب مراعات کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔
عثمان بزدار نے مراعات کے حصول کیلئے ملتان بنچ میں دائر درخواست پرنسپل سیٹ ہائیکورٹ پر ٹرانسفر کرنے کی متفرق درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی کہ مخالف فریق چیف سیکرٹری پنجاب لاہور میں ہیں اس لئے درخواست کو بھی پرنسپل سیٹ پر سنا جائے۔
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب منسٹرز مراعات ایکٹ کے تحت بطور سابق وزیر اعلیٰ مراعات سے محروم رکھا جا رہا ہے، 23 مئی سے قانون کے تحت بطور سابق وزیر اعلیٰ حاصل مراعات نہیں دی جا رہیں۔
عثمان بزدار نے استدعا کی کہ مراعات کے حصول کیلئے دائر درخواست کو پرنسپل نشست پر سنا جائے، قانون کے تحت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو حاصل مراعات بھی دینے کا حکم دیا جائے۔
رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی منگل کو بطور اعتراضی کیس کی سماعت کریں گے۔