پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے دو سب انسپکڑوں کے خلاف اغواء، گاڑی چوری اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کردیا۔
پشاور کے تھانہ رحمان بابا میں مقامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق اسلام آباد اینٹی کارلفٹنگ سیل نے پشاور کے علاقے رحمان بابا میں مقامی شہری کے گھر پر چھاپہ مارا جس کے دوران اسلام آباد پولیس 2 گاڑیاں اور3 افراد ساتھ لے گئی۔
ایف آئی آر میں شہری کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی، شہری کی مدعیت میں اسلام آباد پولیس کے 2 سب انسپکٹروں سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
رواں سال 26 جون کو رحمان بابا کےعلاقے میں شہری کے گھر پراسلام آباد پولیس نے چھاپہ مارا تھا ، چھاپے کے دوران گھر سے 2 گاڑیوں سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔