کراچی: (دنیا نیوز)کراچی میں ٹیپو سلطان پولیس کی خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی، پرائیویٹ کمپنی کے دفتر کے عقوبت خانے میں زنجیروں سے جکڑا ملازم بازیاب کرالیا،ملازم پر مالکان نے پانچ لاکھ روپے چوری کرنے کا الزام لگایا تھا
ٹیپو سلطان پولیس نے کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر کارروائی کرتے ہوئے 10 روز سے زنجیروں میں جکڑے ملازم کو بازیاب کرا لیا، ملازم پر مالکان کی جانب سے پر 5 لاکھ روپے چوری کرنے کا الزام تھا۔
ایس ایچ او عنصر بٹ کے مطابق نوجوان عبدالغفار کے والد نے پولیس سے رجوع کیا اور بیٹے پر تشدد کی ویڈیو دکھائی جس پر پولیس نے کارروائی کی، پولیس کا کہنا تھا کہ اگر چوری کا معاملہ تھا تو پولیس کے حوالے کرنا چاہیے تھا، اپنی عدالت لگانا اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔
پولیس کے مطابق دفتر سے ایک سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، دفتر تاج الدین نامی شخص کی ملکیت بتایا جاتا ہے جو موقع پر موجود نہیں تھا۔