پاکپتن: پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو مارے گئے، سب انسپکٹر شہید

Published On 11 October,2022 10:39 am

پاکپتن: (دنیا نیوز)پاکپتن میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں چوکی انچارج شہید اور دو اہلکار زخمی ہوگئے، مقابلے میں پانچ ڈاکو مارے گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

تھانہ صدر پاکپتن کے علاقے میں گینگ لوٹ مار کر رہے تھا کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، ڈاکوؤں کے فرار ہونے پر پولیس اور ایلیٹ فورس نے انکا تعاقب کیا، گاؤں نتھیں بودلہ کے قریب ڈاکوؤں اور پولیس کا مقابلہ ہوگیا جس میں انچارج پولیس چوکی فرید کوٹ سب انسپکٹر سرور اکرم شہید جبکہ عمران اور عامر مشتاق پولیس اہلکارزخمی ہوگئے۔

پاکپتن پولیس اور ضلع اوکاڑہ کی پولیس کا ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا، مقابلے میں پانچ ڈاکو مارے گئے، تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ رکنے پر پولیس نے مکئی کے کھیت کی ریسرچ کی تو ڈاکو مردہ پائے گئے، پولیس کا ملحقہ علاقوں میں فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔۔

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی، ان کا کہنا تھا کہ سرور اکرم نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، پنجاب حکومت شہید سب انسپکٹر سرور اکرم کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

آئی جی پنجاب نے ڈی پی او پاکپتن کو اپنی نگرانی میں واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا اور آر پی او سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔