مری: 3 سیاح ہوٹل میں پراسرار طور پر جاں بحق، ایک کی حالت غیر

Published On 03 December,2022 04:12 pm

مری(دنیا نیوز)ایکسپریس وے پر ڈنہ کے مقام پر نجی ہوٹل کے کمرے میں 4 سیاح بے ہوش پائے گئے جن میں سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے اور ایک کی حالت غیر ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ محمد اویس، تیس سالہ فیصل ایاز اور 29 سالہ محمد شاہ رخ کے نام سے ہوئی،جبکہ بے ہوش شخص کی شناخت محمد کے نام سے ہوئی۔ چاروں سیاحوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔

تھانہ پٹریاٹہ کے علاقہ میں ہوٹل کے کمرے میں 4 افراد کے بے ہوشی کی حالت میں ملنے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی کارکن موقع پر پہنچے۔ چاروں افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچ کر 3 افراد دم توڑ گئے جبکہ ایک بے ہوش ہے۔


ریسکیو 1122مری کے مطابق چاروں افراد ہوٹل کے کمرے میں نیم ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔ مری پولیس نے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔

سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔


انہوں نے کہا کہ لاشوں کے پوسٹ مارٹم اور دیگر فرانزک شواہد کی روشنی میں وجہ موت کا تعین ہو سکے گا، میرٹ پر تحقیقات کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
 

Advertisement