اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) اسلام آباد پولیس نے ایف نائن پارک میں خاتون سے زیادتی کے دو ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 میں ناکے پر 2 نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی ، پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے ، ہلاک ملزمان کی شناخت نواب علی اور اقبال کے نام سے ہوئی ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان مبینہ طور پر ایف نائن پارک واقعہ میں ملوث تھے، پولیس گزشتہ روز ملزمان کی شناخت کرچکی تھی، ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے کی کوشش کی، فرار ہوتے ہوئے ملزمان نے پولیس کا ناکہ دیکھا تو فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان مارے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مارگلہ پولیس نے یہ دعوی کیا تھا کہ دو ملزمان گزشتہ روز تھانہ گولڑہ کے علاقے سے گرفتار کیے گئے ہیں ، دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اوران کیخلاف تھانوں میں 60 سے زائد مقدمات درج تھے۔
یاد رہے کہ 2 فروری کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں میاں چنوں کی رہائشی لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔