اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بروقت الیکشن کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے اختلافات میں شدت آگئی۔
صدر اور سیکرٹری ہائی کورٹ بار کے اختلافات کے بعد ایگزیکٹیو کمیٹی کی قرارداد سامنے آگئی، اس سے پہلے ہائیکورٹ بار کے صدر کی جانب سے دائرہ کردہ پٹیشن سے سیکرٹری نے لا تعلقی کا اعلان کیا تھا، اب اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے جوائنٹ سیکرٹری بار سہیل خورشید نے پٹیشن کے حق میں قرارداد منظور کرنے کی پریس ریلیز جاری کی ہے۔
ایگزیکٹو کمیٹی کی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ بار کی جانب سے صدر شعیب شاہین نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی، درخواست آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے دائر کی گئی ہے، ایگزیکٹو کمیٹی آئینی درخواست کے حق میں فیصلے کا اعادہ کرتی ہے، آئینی بالادستی کیلئے صدر بار شعیب شاہین کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
واضح رہے صدر ہائیکورٹ بار شعیب شاہین نے دو روز قبل ایک پٹیشن دائر کی تھی جس میں سپریم کورٹ سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن 90 روز کے اندر کرانے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ سیکرٹری ہائیکورٹ بار نے پٹیشن سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔