روڈ سیفٹی کے عالمی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، صادق سنجرانی

Published On 09 February,2023 09:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ روڈ سیفٹی کے 2021-2030ء عالمی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آئی پی سی کی روڈ سیفٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین سے خطاب کیا، 2 روزہ کانفرنس میں متفقہ طور پر اختیار کئے گئے اسلام آباد اعلامیہ کی بدولت مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے انسانی حقوق پامال کیے، صادق سنجرانی

صادق سنجرانی نے کہا کہ بہتر منصوبہ سازی کے تحت حادثات کو کم کرنے اور حفاظتی معیارات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی، مجھے یقین ہے کہ اس 2 روزہ کانفرنس میں جو سفارشات سامنے آئی ہیں وہ مستقبل کا لائحہ عمل اختیار کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

چیئرمین سینیٹ و صدر آئی پی سی کا کہنا تھا کہ مخلصانہ کوششوں کے تحت اختیار کیے گئے لائحہ عمل اور اہداف کا حاصل کرنا مشکل نہیں، آئی پی سی کے صدر کی حیثیت سے میرے لئے باعث اطمینان ہے کہ آئی پی سی عالمی جمہوری روایات کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ آئی پی سی کا مقصد انسانیت کی بھلائی کیلئے ایک ہو کر کام کرنا ہے، انہوں نے شرکاء کے عزم اور حوصلے کی تعریف کی، چیئرمین سینیٹ نے تمام شرکاء کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس عالمی کانفرنس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور مزید کوششیں جاری رہیں گی، تقریب میں کثیر تعداد میں اراکین پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
 

Advertisement