اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب، خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ اور کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی بارے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کل (جمعرات کو) درخواست پر سماعت کریں گے، الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا میں لوکل گورنمنٹ اور کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اب تک پنجاب، خیبرپختونخوا کے صوبائی انتخابات کا شیڈول جاری نہیں کیا، نہ ہی اب تک دونوں صوبوں میں نئی ووٹر لسٹیں مرتب کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے دونوں صوبوں میں لوکل گورنمنٹ، کنٹونمنٹ بورڈز کو معطل کر دیا ہے، دونوں صوبوں میں کنٹونمنٹ بورڈ اور لوکل گورنمنٹ کی معطلی سے شہریوں کے کام اور حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کا کنٹونمنٹ بورڈز کی معطلی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے، درخواست میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا کو فریق بنایا گیا ہے۔