قصور : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے ضلع قصور کے علاقے سرائے مغل میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
قصور پولیس کے مطابق گرفتار کئے جانے والے ملزم کی شناخت نوید عرف نیدی کے نام سے ہوئی ہے، ملزم ڈکیتی معہ قتل اور راہزنی کی 68 سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق ناظم نامی شہری نے 15 پر پولیس کو اطلاع دی کہ تین ڈاکو موٹرسائیکل اور نقدی رقم چھین کر فرار ہوگئے ہیں ، تھانہ سرائے مغل پولیس نے فوری رسپانڈ کرتے ہوئے بونگا مالا روڈ پر ناکہ بندی کی ۔
ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کردی ، ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جس سے چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونیوالے دونوں ڈاکوؤں کوشناخت کرلیا گیا ہے جن کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔