کراچی: (دنیا نیوز) ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ تاحال درج نہ کرایا جا سکا۔
پولیس حکام کے مطابق قتل میں نائن ایم ایم اسلحے کا استعمال کیا گیا، ڈاکٹر بیربل کے سر کا نشانہ لے کر 2 گولیاں ماری گئیں، زخمی خاتون قرۃ العین کے پیٹ پر گولی لگی، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 3 خول ملے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نشتر روڈ سے ہی مبینہ طور پر پیچھے لگے تھے، ڈی سلوا سے پیچھا کرتے ہوئے گڈلک ہال تک پہنچے، گڈلک ہال کے قریب کار پر فائرنگ کی گئی۔
حکام کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان ڈرائیونگ سیٹ کی جانب آئے تھے، ملزمان کی تعداد 2 تھی یا 4 واضح نہیں ہو سکا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی جانب سے آج مقدمہ درج کروانے کا بتایا گیا ہے، راستوں کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر بیربل کو قتل کر دیا گیا تھا۔