سی ٹی ڈی کی مختلف اضلاع میں کارروائی، 9 دہشتگرد گرفتار

Published On 31 March,2023 10:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائی کر کے 9 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا میں کارروائیوں کے دوران کالعدم جماعتوں کے 9 دہشتگردوں نذیر ، فہد، ارشد، عثمان ، شیر محمد ، طاہر ، وزیر اور عبدالرشید کو گرفتار کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضہ سے بارودی مواد، اسلحہ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد ہوا، دہشت گرد نیٹ ورکس حساس اضلاع میں حملے کرنا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے صوبے بھر میں 340 کومبنگ و سرچ آپریشن کیے گئے، کومبنگ و سرچ آپریشنز کے دوران 41 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سی ٹی ڈی ہر سطح پر کارروائی جاری رکھے گی۔

Advertisement