حاصل پور: مفت آٹا لینے آئے روزہ دار شہریوں پر پولیس نے لاٹھیاں برسا دیں

Published On 29 March,2023 05:29 pm

حاصل پور: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے شہریوں کو مفت آٹے کی فراہمی کے دوران انتظامیہ کی جانب سے بدنظمی کا سلسلہ نہ رک سکا۔

پنجاب کے علاقے حاصل پور میں مفت آٹا مرکز پر بدانتظامی کا واقعہ سامنے آگیا، شہریوں کے رش کی وجہ سے آٹے کی فراہمی میں انتظامیہ کو مشکلات کو سامنا کرنا پڑا، مرکز پر نامناسب انتظامات کی وجہ سے شہریوں کو بہتر انداز میں آٹے کی فراہمی نہ کی جا سکی۔

بدانتظامی بڑھنے کی وجہ سے پولیس نے آٹا لینے کیلئے آئے شہریوں پر دھاوا بول دیا، روزہ داروں پر ڈنڈے اور لاٹھیاں برسائیں گئیں، معمر افراد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کی مزید نفری کو طلب کر لیا گیا۔

دوسری جانب ڈیرہ غازی خان میں نگران وزیر اعلیٰ نے مفت آٹا مرکز پر بدنظمی کے وجہ سے ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا، محسن رضا نقوی نے کہا جس علاقے میں مفت آٹے کے حصول میں مشکلات آئی وہاں کی انتظامیہ کو فارغ کر دیا جائے گا۔
 

Advertisement