راجن پور : (دنیانیوز) کچے میں پنجاب پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن 25 ویں روز بھی جاری ہے ، پولیس کے گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر سرنڈر کرنے لگے۔
پنجاب پولیس کے مطابق روجھان پولیس کی بھاری نفری نے بٹ گینگ کے سربراہ عطا اللہ بٹ کے کمین گاہوں کا گھیراؤ کرلیا جبکہ روجھان چک عمرانی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایلیٹ کا ایک جوان شہید جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوا ہے ۔
پولیس کے مطابق عمرانی اور قیصرانی گینگز کے 05کارندوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا ، سرنڈر کرنے والوں میں اقبال قیصرانی، علی نواز عمرانی، عبدالعزیز عمرانی، عبدالرشید عمرانی اور شاہد عمرانی بلوچ شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق کچہ آپریشن میں گرفتاریوں کی تعداد 33 ہوگئی، 3 ڈاکو مقابلوں میں کیفر کردار تک پہنچے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کاکہنا ہے کہ پولیس جوانوں کا مورال بلند ہے، پولیس ٹیمیں ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ، کچہ کے علاقے سے کریمنلز کا مکمل خاتمہ مشن ہے ، ریاست کی رٹ ہرصورت بحال کریں گے۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سرنڈر کرنے والوں ملزمان کے مقدمات میرٹ اور انصاف کے عین مطابق نمٹائے جائیں گے ، کچہ کے کریمنلز کا سرنڈر کرنا پولیس کی جہد مسلسل اور کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے۔