لاہور:(دنیانیوز) کاؤنٹرٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پنجاب نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں لاہور سمیت دیگر شہروں سے 11دہشت گرد گرفتار کر لئے ۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کے خفیہ آپریشن جاری ہیں ، گرفتار دہشت گردوں میں مہتاب، طارق، گل اعظم، معاویہ،عماد، وارث، جبارشامل ہیں۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ، داعش اور ٹی ٹی پی سے ہے ، دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد ، ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹو نیٹر،پمفلٹ اور دیگر اشیاءبرآمد کرلی گئی ہیں ، دہشت گرد نیٹ ورک حساس شہروں میں دہشت گردی کا منصوبہ مکمل کرچکے تھے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف لاہور، بہاولپور، گوجرانوالہ ، راولپنڈی اور ساہیوال میں 10مقدمات درج کر لئے گئے ہیں ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کومبنگ آپریشن کے دوران 100مشتبہ افراد کو گرفتارکرکے، 76 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں ، ریاست دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رہے گی۔