پنجاب کابینہ نے صوبہ بھر میں پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دے دی

Published On 05 May,2023 05:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے صوبہ بھر میں پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دے دی، نگران حکومت کے اس اقدام سے اربوں روپے کی بچت ہوگی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار صوبائی کابینہ کا 15واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ نے محکموں میں فائل سسٹم بند کرنے اور پیپر لیس نظام کے نفاذ کی منظوری دے دی، محکموں میں ای فائلنگ سسٹم اپنانے کیلئے 15 مئی تک کی مدت نافذ العمل ہوگی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اے سی آرز کو بھی ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوران اجلاس کابینہ ارکان نے محکموں میں پیپر لیس سسٹم متعارف کرانے پر چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری عملدرآمد اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو مبارکباد پیش کی۔

کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان اور کشمیر کے ذہین طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا، کابینہ نے پنجاب حکومت کے پاس موجود لیپ ٹاپس ہونہار طلباء و طالبات کو دینے کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ نے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اچھرہ کے رہائشی نوجوانوں کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کی بھی منظوری دے دی جبکہ پنجاب پولیس (منسٹریل پوسٹس) رولز 2017ء میں بھی ترمیم کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور این جی او"تارے زمین پر" ٹرسٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی مشروط منظوری دی گئی، کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور مفاہمتی یادداشت کاجائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی۔

کابینہ اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 11 ویں، 12ویں، 13 ویں اور 14 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے دوسرے اور تیسرے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔

دوران اجلاس کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے پہلے اور دوسرے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، کابینہ ارکان نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کے دوسرے، تیسرے اور چوتھے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔