رحیم یار خان :(دنیانیوز) کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن 40 روز سے جاری ہے ، کچہ رجوانی میں پولیس نے ڈاکوؤں کے مزید 3 خفیہ ٹھکانے تباہ کردئیے۔
رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں پولیس کے آپریشن کا چالیس واں روز ہے، کارروائی کے دوران کچہ رجوانی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں کے مزید تین خفیہ ٹھکانے تباہ کردئیے گئے ہیں، اور نو گو ایریا سمجھا جانے والاعلاقہ ڈاکوؤں سے خالی کروا لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران اب تک 6 ڈاکو ہلاک اور 51کو گرفتار کیا گیا ہے، ڈاکوؤں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ کچے کے لوگوں کیلئے سکول اور ڈسپنسری قائم کرکے تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کردی ہیں ۔