کراچی : (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاری بہار کالونی میں نامعلوم افراد کی میڈیکل سٹور پر فائرنگ سے سٹور مالک جاں بحق جبکہ اس کے دو بیٹے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے میڈیکل سٹور پر فائرنگ کی اور پیدل فرار ہوگئے ، فائرنگ سے نور محمد نامی شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے 2 بچے گیارہ سالہ اسماعیل اور 10 سالہ شہزاد زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹڈ لگتا ہے، ملزمان نے مقتول سے کوئی لوٹ مار نہیں کی صرف مقتول کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔
مقتول نور محمد کے کزن میر واعظ نے بتایا کہ واقعے کے وقت علاقے کی لائٹ گئی ہوئی تھی اور دونوں بچے بھی سٹور پر ساتھ تھے، نور محمد کا آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے جبکہ اس کی بیوی رشتہ دار کی شادی میں کوئٹہ گئی ہوئی ہے۔
مقتول کئی سالوں سے کراچی میں مقیم تھا، اس کے 5 بچے ہیں جن میں 4 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ نور محمد کے کزن کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔