لاہور : (دنیانیوز) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل گجرات نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثہ میں ملوث اہم سرغنہ گرفتار کرلیا ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد سلیم سنیارے کو گجرات سے گرفتار کیا گیا ہے ، ملزم یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم آصف سنیارے کا بھائی ہے، ملزم نے متعدد پاکستانیوں کو غیر قانونی راستے سے یورپ بھجوانے کے لئے کروڑوں روپے بٹورے۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ ملزم کے خلاف 9 مقدمات ایف آئی اے گجرات سرکل میں درج تھے، گرفتار ملزم محمد سلیم سنیارا ہنڈی حوالہ کے ذریعے اپنے بھائی آصف سنیارے کو پیسے بھجواتا تھا اور یونان کشتی حادثے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ، ملزم کا بھائی آصف سنیارا اس وقت لیبیا میں موجود ہے۔
ملزم نےابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ آصف سنیارے نے لیبیا میں متعدد سیف ہاوسسز بنائے ہوئے ہیں ، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔