اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، تین فرار ہو گئے

Published On 08 July,2023 10:55 pm

اوکاڑہ: (دنیانیوز) تھانہ اے ڈویژن کی حدود فٹ بال سٹیڈیم کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، تین فرار ہوگئے۔

ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، اوکاڑہ پولیس کے پہنچنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ تین ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس نے موقع سے موٹرسائیکلز، مال مسروقہ، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا، وقوعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔