لورالائی : (دنیانیوز) اپرکرم شاملاتی میں زمین کے تنازع پر تصادم کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ، فائرنگ اور گولہ باری سے اب تک 6افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعددزخمی ہیں ۔
ضلع کرم کے ڈنڈر بوشہرہ میں دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، فائرنگ اور گولہ باری سے علاقہ لرز اٹھا اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مسلسل فائرنگ سے 29 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
قبائلی عمائدین، جرگہ انتظامیہ سکیورٹی فورسز اور پولیس علاقے میں جنگ بندی کیلئے پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ زمین پر تنازع چند ماہ پہلے بھی ہوا تھا جس میں درجن سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔
اراضی تنازعات میں خونریزی کا سلسلہ تھم نہیں سکا، صوبائی و مقامی حکومت کی جانب سے قائم لینڈ کمیشن تاحال کوئی حل نکالنے میں ناکام ہے۔