کراچی:(دنیانیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی جبکہ 7 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف کی انسداد منشیات کیخلاف کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہیں ، راولپنڈی کے علاقے کھنہ روڈ کے قریب ملزم کے قبضے سے 1کلو چرس برآمد جبکہ تربت کے علاقے میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 18کلو آئس برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ کراچی میں بلاول چورنگی کلفٹن کے قریب رکشہ سے 10کلو چرس جبکہ گڈاپ ٹاؤن سے گاڑی میں چھپائی گئی ایک کلو 700گرام آئس اور 2کلو ہیروئن برآمدکرلی گئی ۔
شکار پور روڈ سکھر کے قریب خیر پور کے رہائشی ملزم سے 2کلو چرس برآمد جبکہ بحرین جانے والے مسافر کے پیٹ سے 101 عدد ہیروئن اور آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے ، مُلزم کے پیٹ سے 77 عدد آئس بھرے جبکہ 24 عدد ہیروئین بھرے کیپسول برآمدکیے گئے ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گوجرانوالہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 1کلو 800گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ کوٹ لکھپت کورئیر آفس میں مردانہ کپڑوں پر مشتمل پارسل سے 33گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی ۔
ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران بنوں کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا ، ملزم کے پیٹ میں موجودایک عدد چرس بھرا کیپسول بھی برآمدکرلیا گیا ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔