لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈرون سے ہیروئن کی سمگلنگ کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، پولیس اہلکار بھی منشیات کیس میں ملوث نکلے۔
ذرائع کے مطابق اے این ایف نے ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ مقدمہ درج کرلیا ہے، ڈی سی آفس کی نظارت برانچ میں تعینات پولیس اہلکار شرافت کو مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے، ملزمان ہیروئن کو بھارت اسمگل کرنے کیلئے ڈرون کا استعمال کرتے تھے۔
اے این ایف نے سرحدی علاقے میں چھاپہ مار کر ہیروئن برآمد کر لی، ہیروئن سمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والا ڈرون بھی قبضہ میں لے لیا گیا جبکہ ملوث ملزمان کارروائی کے دوران فرار ہوگئے۔
فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت عبدالرزاق، جیدا، شرافت، مصطفیٰ اور اعجاز ڈیال کے نام سے ہوئی ہے،ایف آئی آر کے مطابق منشیات سمگلروں کے گروہ کو سرحد پار سے سپورٹ حاصل ہے۔