اے این ایف کی بڑی کارروائی ، جعفر ایکسپریس کے عملے سے منشیات برآمد

Published On 19 August,2023 10:35 am

کراچی: (دنیانیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بذریعہ ٹرین منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گجرات جنکشن پر جعفر ایکسپریس کے عملے سے منشیات برآمد کرلی ۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گجرات جنکشن پرجعفر ایکسپریس میں کارروائی کرتے ہوئے ٹرین گارڈ ، انچارج اوراسسٹنٹ ایگزامینرالیکٹرک کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان منشیات راولپنڈی سےجیکب آباد سمگل کررہےتھے۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ اطلاع ملی تھی کہ ٹرین کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں منصوبہ بندی سے جنکشنز اور ٹرینوں کی سخت نگرانی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام بڑے جنکشنز پر ٹرینوں کو چیک کیا گیا، دورانِ نگرانی اطلاع پر جعفر ایکسپریس میں گجرات جنکشن کے مقام پر چیکنگ کی گئی، تلاشی لینے پر ملزمان کی سرکاری پیٹی سے 4 کلو گرام چرس اور 2 کلو گرام افیون برآمد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اس واقعے کے بعد تمام بڑے جنکشنز اور ٹرینوں کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، راولپنڈی کے رہائشی دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔