لاہور : (دنیانیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کالعدم داعش کے 3 اہم کمانڈرز سمیت 13 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد بہاول پور،گوجرانوالہ، راولپنڈی، چنیوٹ، قصور، ملتان اور منڈی بہاؤالدین سے خطرناک منصوبہ بندی کر رہے تھے ، دہشت گردوں سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز ،آئی ای ڈی بم، حفاظتی فیوز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے ۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت جلات خان، جنت خان، کشف رسول، غلام رحمان، اسرار، نذیر، عبدالسلام، عامر، اسد، امیراورانور کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے339 کومبنگ آپریشنز کے دوران 34 مشتبہ افراد گرفتار کیے، کومبنگ آپریشنز میں 4113 افراد سے پوچھ کچھ کی گئی ، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔