گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) تھانہ ایمن آباد کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے معاملے پر پولیس نے 2 اے ایس آئیز اور مقتول کے دوستوں سمیت 5 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گکھڑ کے علاقہ میں 3 دوستوں نے 5 لاکھ کی خاطر اغوا کا ڈراما رچایا تھا، ملزمان نے اپنے تیسرے دوست احمد کو اغوا کر کے 5 لاکھ کا مطالبہ کیا تھا۔
ملزمان نے تاوان کے 5 لاکھ مغوی کے ورثا سے ایمن آباد کے قریب منگوائے، تھانہ گکھڑ پولیس کے اے ایس آئی نعیم اور شہریار سمیت 4 پولیس اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا، داؤد تاوان کی رقم وصول کر کے فرار ہونے لگا تو پولیس کے ساتھ مزاحمت میں گولیاں لگنے سےہلاک ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی اور ملزمان نے گھر والوں سے5 لاکھ روپے کی حاطر اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا، تھانہ گکھڑ میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج تھا۔
تھانہ ایمن آباد پولیس نے دو تھانیداروں اور مقتول کے دوست زید اور احمد کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا۔