کراچی: (دنیا نیوز) مانسہرا کالونی میں کولڈ ڈرنک نہ پلانے پر دوست کا دوست کو قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، 13 جولائی کو پیش آنے والے واقعہ میں داؤد نامی ملزم نے 18 سالہ نوجوان خان ویز کو قتل کیا تھا۔
اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ قتل کا مقدمہ بھی پولیس کی جانب سے تاخیر سے درج کیا گیا، تفتیشی پولیس کیس کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ملزم داؤد اور مقتول خان ویز آپس میں دوست تھے، ملزم داؤد کنڈے لگا کر بجلی چوری کا کام کرتا تھا جبکہ خان ویز اس کو بجلی چوری سے منع کرتا تھا، وقوعہ کے روز ملزم داؤد آیا اور خان ویز کو کہا مجھے بوتل پلاؤ، خان ویز نے بوتل پلانے سے انکار کیا تو ملزم داؤد نے اسی وقت پستول نکالی اور اس کی گردن پر گولی مار دی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے پولیس کی غفلت کی وجہ سے جائے وقوعہ سے ملنے والا خول بھی گم ہوگیا، پولیس ہمیں انصاف دینے کے بجائے ملزم کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، ملزم کو گرفتار کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔