جڑانوالہ: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کے ہمراہ زیر تربیت خواتین اے ایس پیز نے جڑانوالہ کا دورہ کیا۔
ڈاکٹر عثمان انور امن و امان یقینی بنانے کے لئے مسلسل دوسرے روز بھی فیلڈ میں موجود رہے، آئی جی نے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی زیر تربیت خواتین اے ایس پیز کے ہمراہ جڑانوالہ کے متاثرہ گرجا گھروں کا دورہ کیا۔
زیر تربیت خواتین پولیس افسروں میں اے ایس پیز سندس، صابرہ، رضوانہ، زینب اور اے ایس پی شازیہ شامل تھیں، آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان، سی پی او عثمان اکرم گوندل، ایس ایس پی آپریشنز اور سینئر افسران بھی ہمراہ تھے۔
آئی جی پنجاب اور خواتین اے ایس پیز مسیحی کمیونٹی کے متاثرہ گھروں میں بھی گئے، زیر تربیت خواتین اے ایس پیز نے کرسچین کمیونٹی کی متاثرہ خواتین سے ملاقات کی اور بھرپور سکیورٹی اور تعاون کا یقین دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: جڑانوالہ میں اب امن کی واپسی کا سفر شروع ہو چکا ہے : آئی جی پنجاب
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ملک کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی اے ایس پیز کی کرسچین کمیونٹی کی خواتین سے ملاقات اظہار یکجہتی کی علامت ہے، خواتین اے ایس پیز نے مسیحی خواتین کو گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کی جلد از جلد بحالی کا یقین دلایا۔
آئی جی نے کہا مسیحی کمیونٹی کے متاثرہ گھروں کی بحالی اور تعمیر و مرمت مکمل ہونے تک خواتین اے ایس پیز جڑانوالہ میں ڈیوٹی دیں گی اور باقاعدگی سے مسیحی خواتین سے رابطے میں رہیں گی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا خواتین پولیس افسر مسیحی خواتین اور بچیوں کی سکیورٹی اور احساس تحفظ یقینی بنائیں گی۔