کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے بلال کالونی پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر 2 بڑی کارروائیوں میں سٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کرلیے ۔
ایس ایس پی سینٹرل کراچی معروف عثمان کے مطابق ملزمان دوران ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں چلا دیتے تھے، گرفتار ملزمان میں علی ڈان، عمران کنچہ، جہانزیب اور سہیل شامل ہیں ۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک دکاندار کو بھی مزاحمت پر شدید زخمی کیا تھا، علی ڈان اور عمران کنچہ نے بلال کالونی میں شہری کو گولی ماری تھی جبکہ شہری آصف نے عمران کنچہ کو جوابی فائرنگ سے زخمی کردیا تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل سپیشل برانچ کے اہلکار تنویر کو لوٹا تھا، ملزم اہلکار سے موبائل فون اور سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہوئے تھے، ملزم سہیل کے قبضے سے اہلکار تنویر کا موبائل فون بھی برآمد ہوا ، ملزمان نے پستول کا نام فائل،گولیوں کا نام میموری کارڈ رکھا ہوا تھا۔
گرفتار ملزمان اکثر وارداتوں میں پولیس کیپ کا استعمال کرتے تھے، ملزمان چھینے گئے موبائل فون 8 سے 10 ہزار میں فروخت کرتے تھے، خریدار جہانزیب موبائل فون کے آئی ایم ی آئی تبدیل کردیتا تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 15 موبائل فون دو موٹرسائیکلیں برآمدکرلی گئی جبکہ ملزمان سے 4 پستول ایک لیپ ٹاپ کمپیوٹر اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔