اوکاڑہ: ہسپتال کی ایمرجنسی میں ڈی ایم ایس پر تشدد، لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے والے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

Published On 03 September,2023 11:53 pm

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کی ایمرجنسی میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پر تشدد اور لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ ڈی ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ میں354 ت پ 506 اور 196 ت پ کی دفعات شامل کی گئیں، مقدمہ میں اے ایس آئی سی آئی اے اسلام آباد شاہد، کانسٹیبل شفقت نامزد اور دیگر نامعلوم شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق نواحی قصبہ گشکوریاں کہ رہائشی کم عمر لڑکے فیضان ولد نواز جو کہ تھریشر مشین میں آ کر شدید زخمی ہو گیا تھا، حالت نازک ہونے پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستہ میں دم توڑ گیا، ایمرجنسی میں موجود لیڈی ڈاکٹر خوش بخت نے طبی معائنے کے بعد بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔

ایف آئی کے مطابق پولیس اہلکاروں نے نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کیا، ڈیوٹی پر موجود ڈی ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹہ نے معاملہ حل کروانے کی کوشش کی اس دوران مشتعل افراد نے ڈاکٹر پر قاتلانہ حملہ کر دیا، ڈاکٹر اکبر بھٹہ کو لاتوں گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اس کی پسلیوں اور کمر پر چوٹیں آئیں۔

پولیس ٹیم کے موقع پر پہنچنے پر ڈاکٹر کی جان بخشی ہوئی، پولیس تھانہ اے ڈویژن نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی، وائی ڈی اے اوکاڑہ کے صدر ڈاکٹر معاویہ نے ڈاکٹروں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔