کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے جامعہ ابوبکر اسلامیہ کے مہتمم مولانا ضیا الرحمان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 16میں پیش آیا، مولانا ضیا الرحمان کو جسم کے مختلف حصوں پر متعدد گولیاں لگیں جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دو ملزمان نے فائرنگ کر کے مولانا ضیا الرحمان کو قتل کیا، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 30 بور پستول کے 10 سے زائد خول ملے ہیں، ملزموں کی تلاش کیلئے تفتیش جاری ہے۔
ایڈیشنل آئی جی نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا ضیاء الرحمان کی ٹارگٹ کلنگ دہشت گردی کا واقعہ ہے جس کا مقصد ربیع الاول کے موقع پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنا ہے۔
خادم حسین رند کا مزید کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے، ابتدائی تحقیقات میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں، تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔