لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ چینی پولیس کے تعاون سے ایلیٹ فورس کو اپ گریڈ اور جدید وسائل فراہم کریں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سینئر پولیس افسروں کے ہمراہ چین کا دورہ کیا، پروونشل ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سکیورٹی اجلاس میں چینی پولیس کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں پاکستان اور چین کے مابین پولیسنگ امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا گیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا چینی پولیس کے تعاون سے پنجاب میں پولیسنگ کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا، سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد کار میں اضافے کیلئے باہمی تعاون کو بھی بڑھایا جائے گا، چینی پولیس کے تعاون سے ایلیٹ فورس کو اپ گریڈ، جدید وسائل فراہم کئے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کرائم کنٹرول، جنرل پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے چینی پولیس تکنیکی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کرے گی، سائبر سکیورٹی سے متعلقہ معاملات میں پنجاب پولیس کو تعاون و جدید وسائل فراہم کرنے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔