لاہور: (دنیا نیوز) سابق انسپکٹر عابد باکسر کو قصور سے گرفتار کر لیا گیا، سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔
عابد باکسر کے خلاف تین تھانوں میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، سابق انسپکٹر عابد باکسر کو تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔
عابد باکسر پر بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کا بھی الزام ہے، ان پر باغبانپورہ داروغہ والا تھانے میں نجی ہوٹل کے مالک احمد علی نے 365 اے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔
ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عابد باکسر کے 5 ساتھیوں نے ہوٹل آ کر دو کروڑ مانگے، مسلح افراد نے اپنے موبائل فون سے عابد باکسر سے بات کروائی، بات کرنے پر دو کروڑ روپے مانگے اور نہ دینے پر قتل کی دھمکی دی گئی۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ چار پانچ روز بعد دوبارہ بھتہ مانگا گیا اور نہ دینے پر اغواء کر لیا اور میرے گھر والوں سے 10 لاکھ روپے وصول کئے اور باقی دینے کی شرط پر رہا کیا گیا۔