پاکپتن: (دنیا نیوز) پاکپتن میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک بھائی کو قتل دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔
فائرنگ کا واقعہ پاکپتن کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں پیش آیا جہاں تین سے چار مسلح ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے، ملزموں نے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کی تو دو بھائیوں نے روکنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔
گولیاں لگنے سے ایک بھائی موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد مقدمہ درج کر لیا، مزید قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔
دوسری جانب پولیس نے بہاولنگر سے خطرناک ڈکیت گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کا ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ہونے والے دونوں ڈاکو متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے تھانے منتقل کر دیا۔