نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا رات گئے جھنگ کا دورہ، ڈی ایچ کیو ہسپتال کا معائنہ کیا

Published On 25 October,2023 02:19 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے بعد جھنگ پہنچ گئے، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹرعثمان انور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے رات گئے جھنگ پہنچ کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، ہسپتال میں مریضوں کے رش اور بستروں کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے 220 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کو دسمبر تک مکمل کرنے اور 150 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی بلاک اور 70 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ بلاک کے تعمیراتی کام کو تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

محسن رضا نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر وارڈز میں بھی مریضوں سے ملاقات کی اوران کی خیریت دریافت کی، انہوں نے مریضوں سے مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کرانے کی سہولت کے بارے میں استفسار کیا، وزیر اعلیٰ نے نئے بلاک کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ ہسپتال 310 بیڈز کا ہے، دونوں بلڈنگز بننے سے یہ ہسپتال 530 بیڈز کا ہو جائے گا، ہسپتال میں مریضوں کا رش ہے اور بیڈز کی کمی ہے، ایمرجنسی میں تمام ادویات مریضوں کو مل رہی ہیں لیکن ادویات کی کمی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادویات کیلئے مزید فنڈز دیئے جائیں گے تاکہ مریضوں کو ادویات کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے، چیف سیکرٹری فوری طور پر ہسپتال کیلئے فنڈز کا ایشو حل کریں گے، دونوں بلاک بننے سے مریضوں کا رش کم ہو گا اور بیڈز بھی دستیاب ہوں گے۔