لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مزید متحدہ عرب امارات سے مزید 3 اشتہاری گرفتار کر لیے گئے۔
قتل کی مختلف وارداتوں میں مطلوب تین اشتہاریوں کو گرفتار کر کے پولیس ٹیم متحدہ عرب امارات سے پاکستان روانہ ہو گئی، اشتہاری مجرمان میں قیصر الطاف ، محمد یونس اور اعجاز خان شامل ہیں۔
ملزم اعجاز خان گجرات میں قتل کی واردات کے بعد دبئی فرار ہو گیا تھا، قیصر الطاف اور محمد یونس راجن پور پولیس کو قتلوں کے دو واقعات میں مطلوب تھے، رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 134 ہو گئی، ان مجرمان کو امریکہ، یورپ، افریقہ اور خلیجی ممالک سے گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزموں کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، تینوں ملزمان کا تعاقب جاری رکھا، ایئر پورٹ پر ملزمان کو متعلقہ اضلاع کی پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی ہے، انہوں نے کہا کہ قانونی مراحل جلد مکمل کر کے مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے، ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شیئرنگ کی جائے۔